ایران کے قریب بحری جہاز پر حملہ: عملہ محفوظ رہا

خوش قسمتی سے جہاز سے کسی قسم کے تیل کے اخراج یا دیگر ماحولیاتی نقصان کی کوئی رپورٹ نہیں ملی۔

               
  May 3, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

دبئی/لندن: متحدہ عرب امارات اور ایران کے درمیان اہم بحری گزرگاہ کے قریب ایک تجارتی بحری جہاز پر حملے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ برطانوی بحری تجارتی ادارے UKMTO کے مطابق یہ واقعہ ایران کے ساحلی شہر سیریک سے تقریباً 11 ناٹیکل میل مغرب میں پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق شمال کی جانب سفر کرنے والے ایک بلک کیریئر کو متعدد چھوٹی کشتیوں نے نشانہ بنایا۔ جہاز کے کپتان نے اطلاع دی ہے کہ ان کشتیوں کے ذریعے جہاز پر حملہ کیا گیا، تاہم ابھی تک حملے کی نوعیت اور حملہ آوروں کی شناخت کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

UKMTO نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ جہاز پر موجود تمام عملہ مکمل طور پر محفوظ ہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ خوش قسمتی سے جہاز سے کسی قسم کے تیل کے اخراج یا دیگر ماحولیاتی نقصان کی کوئی رپورٹ نہیں ملی۔متعلقہ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور علاقے میں موجود دیگر بحری جہازوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔