اسلام آباد: پاکستان نیوی نے ایکس سی گارڈز 2026 مشقوں کا آغاز کر دیا ہے، جو 9 فروری تک جاری رہیں گی۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی وائس ایڈمرل فیصل امین ہیں۔
مشقوں کے دوران مکالمہ اور عملی سمندری مشقیں شامل ہوں گی، اور میرین سیکٹر کو درپیش مختلف چیلنجز پر تفصیلی بات ہوگی۔ وائس ایڈمرل فیصل امین نے کہا کہ مختلف سرکاری اور نجی اداروں کا جے ایم آئی سی سی پر اعتماد بڑھا ہے، اور مشقوں کا موضوع "محفوظ سمندر، مستحکم پاکستان” ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فشنگ انڈسٹری سے سالانہ اربوں ڈالر کا حصول ممکن ہے، اور گزشتہ ایک سال میں وزارت بحری امور نے خاطرخواہ اقدامات کیے ہیں۔ تاہم سمندر میں آلودگی کا مسئلہ بڑھ رہا ہے، اور سندھ حکومت کے ساتھ سمندری آلودگی روکنے کے دو منصوبوں پر کام جاری ہے۔
وائس ایڈمرل نے بتایا کہ فشنگ بوٹس پر ویسل مانیٹرنگ سسٹم کا منصوبہ تکمیل کے قریب ہے، اور ماہی گیروں کی معلومات اور استعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔ سی گارڈز مشقوں کے دوران ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کی مشقیں بھی کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سی گارڈز کے ذریعے میری ٹائم سیکٹر کے مختلف اداروں میں رابطے استوار ہوئے ہیں اور پاکستان نیوی ہر فورم پر فشنگ شعبے کو وسعت دینے کی سفارش کرتی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos