غزہ میں موسلا دھار بارش،70 ہزار خیمے ڈوب گئے، 30 لاکھ ڈالر سے زائد کا نقصان
12 گھنٹوں میں 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ، مخدوش عمارتیں گرنے سے فلسطینی خاندان کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور
تصویر سوشل میڈیا۔
غزہ کی پٹی میں موسلا دھار بارشوں کے باعث 70 ہزار سے زائد خیمے زیرِ آب آگئے، جبکہ بارشوں سے ہونے والے مالی نقصان کا تخمینہ 30 لاکھ ڈالر سے تجاوز کرگیا ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزہ شہر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں 12 گھنٹوں کے دوران 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر خیمے ڈوب گئے۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث اسرائیلی بمباری سے پہلے ہی مخدوش ہونے والی عمارتیں گرنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ چھتوں کی خستہ حالی اور عمارتوں کے گرنے کے خدشات کے پیش نظر درجنوں فلسطینی خاندان کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق شہریوں کو مخدوش عمارتوں اور دیواروں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
غزہ میڈیا آفس کے مطابق آج ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں مالی نقصانات کا تخمینہ 30 لاکھ ڈالر سے زائد لگایا گیا ہے۔