عمان کی ثالثی میں ایران اور امریکہ کے درمیان جنیوا مذاکرات کا تیسرا دور جاری

February 26, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا

جنیوا: عمان کی ثالثی میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات کے تیسرے دور میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عمانی وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی بھی جنیوا میں ہونے والے ان حساس مذاکرات میں موجود ہیں۔

عمانی وزیر خارجہ اور رافیل گروسی کی ملاقات سلطنت عمان کی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر وزیر خارجہ بدر البوسعیدی اور رافیل گروسی کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تصاویر جاری کیں۔ بیان کے مطابق اس ملاقات میں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق تکنیکی مسائل اور دوطرفہ مشاورت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمانی وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ جوہری معاملات سے متعلق طریقہ کار کی شفافیت، اعتبار اور بہتر انتظام کو یقینی بنانے میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کا پیشہ ورانہ اور تکنیکی کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

 اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی اشارہ دیا تھا کہ مذاکرات کے اس تیسرے دور میں رافیل گروسی کی موجودگی کا قوی امکان ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، گروسی کی شرکت اس بات کی علامت ہے کہ فریقین تکنیکی رکاوٹوں کو دور کرنے اور ایک قابلِ عمل فریم ورک کی طرف بڑھنے کے لیے سنجیدہ ہیں۔

ایرانی وفد سے موصول ہونے والی تجاویز امریکی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ شیئر کر دیں، عمان

عمان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ انھوں نے گذشتہ شب ایرانی وفد سے موصول ہونے والی تجاویز امریکی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ شیئر کی ہیں۔

عمان کی وزارت خارجہ کے مطابق ’مذاکراتی عمل کے دوران ایرانی وفد کی تجاویز کے ساتھ ساتھ امریکی مذاکراتی ٹیم کے جوابات اور ان سوالات کا جائزہ لیا گیا کہ ایران کے جوہری پروگرام کے اہم حصے کو کس طرح منظم کیا جائے اور اس اہم معاملے سے متعلق تمام تکنیکی اور ریگولیٹری پہلوؤں میں ایک سازگار معاہدے کے حصول کے لیے ضروری ضمانتیں دی جائیں۔

عمان کی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ عمان کے وزیر خارجہ بدر بسیدی ’سنجیدگی اور تعمیری جذبے کے ساتھ کوشش کر رہے ہیں کہ ’نئے اور تخلیقی خیالات‘ کا استعمال کرتے ہوئے ترقی اور پائیدار ضمانتوں کے ساتھ منصفانہ معاہدے کے حصول کے لیے حالات پیدا کیے جائیں۔