راولپنڈی میں 15 سالہ میمونہ کے مبینہ ریپ اور قتل کا ملزم تین روز بعد بھی مفرور

پوسٹ مارٹم میں دم گھٹنے سے موت کی تصدیق، فرانزک نمونوں کی رپورٹ تاحال زیرِ انتظار

October 9, 2026 · قومی

15 سالہ مہمونہ مدرسے پڑھنے گئیں مگر پھر لاپتہ ہو گئیں اور بعدازاں اُن کی لاش برآمد ہوئی ۔فائل فوٹو

راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی میں 15 سالہ مہمونہ بی بی کے مبینہ ریپ اور قتل کے واقعے میں پولیس تین روز گزرنے کے باوجود ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش جاری ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے فرانزک اور انٹیلیجنس کی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔

یہ واقعہ 6 اکتوبر کو پیرودھائی کے علاقے ڈھوک نجو میں پیش آیا تھا۔ اس مقدمے کا اندراج 7 اکتوبر کو مقتولہ کے والد کی مدعیت میں کیا گیا، جنھوں نے اپنی ابتدائی درخواست میں 15 سالہ بیٹی مہمونہ بی بی کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔

بعدازاں لڑکی کی لاش مبینہ طور پر اسی علاقے میں واقع اس کے خالو کے گھر سے برآمد ہوئی۔ اس کے بعد خالو کو ملزم نامزد کرکے ان کی تلاش شروع کر دی گئی۔ پیرودھائی پولیس کے مطابق ملزم تاحال مفرور ہے۔

پولیس نے لڑکی کی گمشدگی سے متعلق ابتدائی ایف آئی آر میں ریپ اور قتل کی دفعات کا اضافہ کر دیا ہے، جبکہ مقدمے کی تفتیش کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کو منتقل کر دی گئی ہے۔

ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں کیا سامنے آیا؟

تھانہ پیرودھائی میں مقدمے کی تفتیش سے منسلک پولیس افسر تنویر عباسی کے مطابق ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں مہمونہ بی بی کے ساتھ ریپ کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ ان کے مطابق مقتولہ کے جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے نشانات بھی موجود تھے، جبکہ حساس اعضا پر تیز دھار آلے سے زخم لگانے کے آثار پائے گئے۔

تنویر عباسی نے بتایا کہ پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد حاصل کیے گئے نمونے فرانزک تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں اور تفصیلی رپورٹ کا انتظار ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں 15 سالہ لڑکی کی موت کی وجہ دم گھٹنا بتایا گیا ہے۔

ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری

راولپنڈی میں سی سی ڈی کے افسر حسن جہانگیر کے مطابق واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فرانزک اور انٹیلیجنس کی مدد سے مقدمے میں ملوث ملزم کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔