ایڈمن سوسائٹی میں منہدم عمارت سے مزید ایک اورلاش برآمد،تعداد9 ہوگئی

جائے وقوعہ پر امدادی آپریشن بدستور جاری ہے

November 28, 2026 · قومی
ایڈمن سوسائٹی میں منہدم عمارت سے ایک اور شخص کی لاش برآمد کر لی گئی

ایڈمن سوسائٹی میں منہدم عمارت سے ایک اور شخص کی لاش برآمد کر لی گئی

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی سے متصل ایڈمن سوسائٹی میں 6 منزلہ زیر تعمیر عمارت کے منہدم ہونے کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد سے جائے وقوعہ پر امدادی آپریشن بدستور جاری ہے اور ملبے سے ایک اور شخص کی لاش برآمد کر لی گئی ہے جسے قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس المناک واقعے کے تناظر میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور تھانہ ٹیپو سلطان میں درج کیے جانے والے مقدمے میں 11 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس حکام نے کارروائی کرتے ہوئے ٹھیکیدار اختر منیر اور منیجر افضل خان سمیت 6 ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے عمارت کے مالک کا نام ذیشان اسلم بتایا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مختیارکار ڈی سی ایسٹ پرویز بھٹو کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 14 زخمیوں کو پہلے ہی اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ تاحال 17 افراد لاپتا ہیں۔ لاپتا ہونے والے تمام افراد مزدور بتائے جاتے ہیں جن کی تلاش کے لیے ہیوی مشینری کے ساتھ ساتھ مینوئل سرچ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ملبے تلے دبے افراد کو باحفاظت نکالا جا سکے اور اسٹرکچر کو مزید نقصان نہ پہنچے۔

دریں اثنا، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عمارت کے نقشے، تعمیراتی معیار اور ممکنہ غفلت کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور غفلت کے مرتکب عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔