کراچی: بوٹ بیسن میدانِ جنگ بن گیا، پولیس کی شیلنگ، وین نذرِ آتش

سیاسی و سماجی تنظیموں کی ریلی جب بوٹ بیسن کے قریب پہنچی تو پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر کے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔

               
فوٹو محمد اسحاق

فوٹو محمد اسحاق

کراچی : کلفٹن بوٹ بیسن اتوار کی شام اس وقت میدانِ جنگ بن گیا جب ایک احتجاجی ریلی کے شرکا اور پولیس کے درمیان شدید تصادم ہوا۔ صورتحال اس وقت کشیدہ ہوئی جب پولیس نے مظاہرین کو امریکی قونصلیٹ کی جانب بڑھنے سے روکنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کا سہارا لیا، جس کے جواب میں مشتعل افراد نے پولیس کی ایک موبائل کو آگ لگا دی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے نکالی گئی ریلی جب بوٹ بیسن کے قریب پہنچی تو پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر کے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔

مظاہرین کی جانب سے رکاوٹیں توڑنے کی کوشش پر پولیس نے بھاری نفری کے ساتھ دھاوا بولا اور آنسو گیس کے درجنوں شیل فائر کیے، جس سے علاقے میں دم گھٹنے لگا اور بھگڈر مچ گئی۔

شیلنگ کے جواب میں مشتعل مظاہرین نے پتھراؤ کیا اور وہاں کھڑی پولیس وین کو آگ لگا دی۔ دیکھتے ہی دیکھتے گاڑی شعلوں کی لپیٹ میں آگئی، تاہم خوش قسمتی سے اہلکار بروقت باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔