مشرق وسطیٰ کشیدگی سے عالمی تیل مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ
خام تیل کی قیمت تقریباً 10 فیصد اضافے کے ساتھ 80 ڈالر فی بیرل پہنچ گئی
مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی تیل مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا ہے اور ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ صورتِ حال مزید بگڑنے کی صورت میں قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کے آغاز کے بعد عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت تقریباً 10 فیصد اضافے کے ساتھ 80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر کشیدگی برقرار رہی یا تیل کی ترسیل متاثر ہوئی تو قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کرسکتی ہیں۔ماہرین کے مطابق تیل پیدا کرنے والے خطوں یا اہم بحری راستوں کو نقصان پہنچنے کی صورت میں عالمی خام تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوسکتا ہے جس کے اثرات عالمی معیشت پر بھی پڑیں گے۔