پیٹرول کی ذخیرہ اندوزی پر کارروائی کا حکم

ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلیے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے، اجلاس میں بریفنگ

               
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد:  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں کو پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس جمعہ کو یہاں منعقد ہوا، وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں نائب وزیراعظم وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار،  وفاقی وزراء جام کمال خان، احد خان چیمہ،  محمد اورنگزیب،  عطا اللہ تارڑ،  علی پرویز ملک،  اویس خان لغاری،  وزیر مملکت بلال اظہر کیانی،  معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز، اور اعلیٰ سرکاری حکام شریک ہوئے۔

وزارت پٹرولیم نے اجلاس کو خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلیے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔

وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے،  جو پٹرول پمپ مصنوعی قلت کے اس مکروہ دھندے میں ملوث ہو، اس کو فوری بند کیا جائے اور اس کا لائسنس منسوخ کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم نے وزیر پیٹرولیم کو ہدایت کی کہ وہ صوبوں کا دورہ کریں اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر پیٹرولیم مصنوعات کی بچت اور ان کی عوام کو بلاتعطل فراہمی کے حوالے سے لائحہ عمل و منصوبہ بندی تیار کریں۔

وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی نقل و حرکت سے متعلق ڈیش بورڈ بنانے کی بھی ہدایت دی جس کے ذریعے صوبوں کیساتھ رئیل ٹائم میں ڈیٹا شیئر ہو اور پٹرولیم مصنوعات کی نقل و حمل کی نگرانی کی جائے۔