ٹرمپ کا ایران کے جزیرہ خارگ پر فوجی اہداف تباہ کرنے کا دعویٰ

ایران کے فوجی اہداف اور خارگ جزیرہ پر مشرق وسطیٰ کی تاریخ کے طاقتور ترین حملےکیے

               
March 14, 2026 · بام دنیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آج ایران پر  مشرق وسطیٰ کی تاریخ کی طاقتور ترین حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں تمام اہداف مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے۔

امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ اُن کی ہدایت پر امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کے فوجی اہداف اور خارگ جزیرہ پر مشرق وسطیٰ کی تاریخ کے طاقتور ترین حملےکیے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ کچھ وجوہات کی بنا پر  انہوں نے جزیرے کے تیل کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنےکا حکم نہیں دیا  تاہم صدر نے خبردار کیا کہ اگر ایران یا کوئی اور آبنائے ہرمز میں آزاد اور محفوظ جہاز رانی میں مداخلت کرتا ہے تو وہ فوری طور پر اس فیصلے پر نظر ثانی کر سکتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اپنے پہلے دور صدارت میں اور موجودہ دور میں انہوں نے امریکی فوج کو دنیا کی سب سے طاقتور اور مؤثر قوت بنایا ہے اور  ایران کے پاس کوئی ایسی صلاحیت نہیں کہ وہ امریکا کی حملوں کا دفاع کر سکے۔