اسلام آباد کی ہائوسنگ سوسائٹی میں کریک ڈائون کے دوران 3 بے نامی پلاٹ ضبط

ایسے افراد کو الاٹ کیے گئے جو لاکھوں روپے مالیت کی جائیداد خریدنے کی مالی سکت ثابت نہیں کر سکے

               
March 18, 2026 · امت خاص

 

فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر )نے اسلام آبادمیں 6کروڑروپے مالیت کے 3 پلاٹ ضبط کرلیے۔ یہ کارروائی بے نامی جائیدادوں کے خلاف جاری کریک ڈائون کا حصہ ہے۔

 

یہ کارروائی اسلام آباد کے زون1 نے ان اطلاعات پر کی کہ کچھ پلاٹس فرضی مالکان کے نام پر رجسٹرڈ ہیں۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ نے ایسے افراد کو پلاٹ الاٹ کیے تھے جو لاکھوں روپے مالیت کی جائیداد خریدنے کی مالی سکت ثابت نہیں کر سکے۔ رجسٹرڈ مالک کو نوٹسز جاری کیے گئے، لیکن وہ ان مہنگی جائیدادوں کی خریداری کے لیے کافی مالی وسائل کا ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہا۔

 

ایف بی آر کے بے نامی زون-I نے جن تین پلاٹوں کوبحق سرکار ضبط کیا ان میں پلاٹ نمبر 238 (کارنر) رقبہ 520 مربع گز،پلاٹ نمبر 495 (کارنر) رقبہ 600 مربع گز،اورپلاٹ نمبر 515 (کارنر)رقبہ 600 مربع گز شامل ہیں۔

 

بے نامی ٹرانزیکشنز ایڈجوڈیکیٹنگ اتھارٹی کے احکامات پر، ان جائیدادوں کے تمام مالکانہ حقوق اب مکمل طور پر وفاقی حکومت کے پاس ہیں۔ تفتیش میں یہ بات ثابت ہوئی کہ اندراج شدہ مبینہ مالک ایف بی آر کے پاس رجسٹرڈ نہیں تھا اور ان کے پاس جائیدادیں خریدنے کے ذرائع نہیں تھے، جس سے یہ ظاہر ہوا کہ وہ محض ایک فرضی مالک تھا۔

 

یہ جائیدادیںبے نامی ٹرانزیکشنز (پروبیشن) ایکٹ 2017کے سیکشن 25 کے تحت ضبط کی گئیں۔ کمشنر بے نامی زون اسلام آباد نے مقامی پولیس کے تعاون سے ان پرامن قبضہ حاصل کیا۔مذکورہ مقامات پر سائن بورڈز نصب کر دیے گئے ہیں، جن پر واضح طور پر درج ہے کہ یہ جائیدادیں ضبط شدہ ہیں اور اب وفاقی حکومت کی ملکیت ہیں۔