پاک افغان سرحد پر بڑی پیش رفت۔طورخم بارڈر آج سے کھولنے کا فیصلہ

غیر قانونی مقیم افراد کوبے دخل کرنے کی تیاریاں مکمل۔گذشتہ ماہ سلسلہ معطل ہوگیا تھا

               
March 25, 2026 · اہم خبریں, قومی

 

پاک افغان سرحدی صورتحال میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں طورخم بارڈر کو آج 25 مارچ سےکھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق یہ اقدام افغان حکام کی باضابطہ درخواست پر کیا گیا۔

 

گزشتہ ماہ 26 فروری کو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باعث افغان شہریوں کی واپسی کا عمل معطل ہو گیا تھا، اب مرحلہ وار بحالی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 12 اکتوبر 2025 سے طورخم سمیت دیگر سرحدی گزرگاہوں پر دوطرفہ تجارت بھی بند تھی۔

 

امیگریشن ذرائع کے مطابق بارڈر کو ابتدائی طور پر مخصوص قافلوں کے لیے کھولا جائے گا ۔دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل کو تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایات جاریڈپٹی کمشنرز کو مہاجرین کی رہائش گاہوں کے دورے اور فوری واپسی یقینی بنانے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی زیر صدارت مسلسل اجلاس جاری ہیں اور اب صوبائی حکومت وفاقی پالیسی پر مکمل عملدرآمد کرتے ہوئے اس عمل کو تیز کر رہی ہے ۔پہلے مرحلے میں جیلوں میں قید افغان شہریوں کو واپس بھیجا جائے گا۔

 

محکمہ داخلہ کے مطابق پشاور سینٹرل جیل سمیت مختلف جیلوں میں ہزاروں افغان قیدی موجود ہیں ان قیدیوں کو پہلے ناصر باغ کیمپ منتقل کیا جائے گا جہاں رجسٹریشن کے بعد قافلوں کی صورت میں افغانستان روانہ کیا جائے گا۔سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں خیبر پولیس جمرود سے طورخم بارڈر تک مکمل سیکیورٹی فراہم کرے گی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واپسی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی بھی متوقع ہے۔حکام کے مطابق دوسرے مرحلے میں مہاجر کیمپوں اور تیسرے مرحلے میں مختلف شہروں میں مقیم غیر قانونی افغان باشندوں کو واپس بھیجا جائے گا ۔

 

حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ عمل باعزت اور منظم انداز میں مکمل کیا جائے گاجس سے جیلوں پر بوجھ کم، اخراجات میں کمی اور امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔