پنجاب میں آج شام سے 8 اپریل تک بارش اور ژالہ باری کا امکان
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، گجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات میں بارش متوقع ہے
پنجاب: محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق آج شام سے 8 اپریل تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
پیش گوئی کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، گجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب اور منڈی بہاؤالدین میں بارش متوقع ہے۔ اسی طرح لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان میں مزید بارشیں متوقع ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کر دیا ہے اور عوام سے محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسمانی بجلی کے دوران کھلے مقامات پر نہ جائیں اور کسان اپنی زرعی سرگرمیوں میں موسمی حالات کو مدنظر رکھیں۔
شمالی علاقوں کے سیاحوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔