ملک میں بارشوں کانیا سسٹم داخل،لاہور،اسلام آباداور پشاور میں بادل برس پڑے
ٹھنڈ کے باعث درجہ حرارت میں کمی آئی ہے، لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 16 جبکہ زیادہ سے زیادہ 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے
ملک میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں بادل برس پڑے۔ لاہور میں مال روڈ، ایبٹ روڈ، ڈیوس روڈ، گڑھی شاہو، جیل روڈ، اپر مال، فیروزپور روڈ، چوبرجی، ساندہ اور گلبرگ کے علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور ٹھنڈ کے باعث درجہ حرارت میں کمی آئی ہے، لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 16 جبکہ زیادہ سے زیادہ 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ بارش دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہے گی۔
راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی صبح سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی میں اضافہ ہوا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ پنجاب کے دیگر شہروں بہاولپور، اوچ شریف، وہاڑی، قصور، پھول نگر، میاں چنوں، عبدالحکیم، میکلوڈگنج، چشتیاں، راجن پور اور قائد آباد میں بھی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
پشاور شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے باعث زیادہ تر نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی علاقوں میں بجلی بھی غائب ہو گئی۔