آبنائے ہرمز کے معاملے پر چین نے ایران کی کھل کر حمایت کر دی

چینی بحری جہاز آبنائے ہرمز سے معمول کے مطابق آمد و رفت کر رہے ہیں اور اس اہم سمندری راستے کی آزادی کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔

               
April 13, 2026 · بام دنیا

بیجنگ: آبنائے ہرمز کے معاملے پر چین نے ایران کے مؤقف کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کے دوران اہم بیان جاری کیا ہے۔

چینی وزیرِ دفاع ایڈمرل ڈونگ جن نے کہا ہے کہ چینی بحری جہاز آبنائے ہرمز سے معمول کے مطابق آمد و رفت کر رہے ہیں اور اس اہم سمندری راستے کی آزادی کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے ایران کے ساتھ توانائی اور تجارتی معاہدے موجود ہیں جن کا احترام کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر ممالک کو بھی چاہیے کہ وہ ایک دوسرے کے معاملات میں مداخلت سے گریز کریں۔

چینی وزیرِ دفاع نے مزید کہا کہ چین عالمی امن اور استحکام میں سنجیدہ کردار ادا کر رہا ہے اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

دوسری جانب چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے امریکی ممکنہ بحری ناکہ بندی کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے تمام فریقین سے تحمل اور بردباری اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔

ترجمان کے مطابق اہم سمندری راستوں کو محفوظ اور بلا رکاوٹ رکھنا عالمی برادری کے مشترکہ مفاد میں ہے، جبکہ چین توانائی کی ترسیل اور علاقائی استحکام کے لیے تمام فریقین کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔