مدینہ منورہ میں ہوٹلوں اور اپارٹمنٹس میں گیس سلنڈر لانے پر پابندی عائد
وزارتِ سیاحت نے تمام نجی سیاحتی سہولیات کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ مہمانوں کو ان قواعد سے آگاہ کریں ، اعلامیہ
فائل فوٹو
مدینہ منورہ : سعودی عرب کی وزارتِ سیاحت نے مدینہ منورہ میں سیاحوں اور زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم حکمنامہ جاری کیا ہے، جس کے تحت ہوٹلوں اور فرنشڈ اپارٹمنٹس میں پورٹیبل گیس چولہے اور سلنڈر لانے پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔
وزارتِ سیاحت کی جانب سے جاری کردہ حالیہ سرکولر میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ فیصلہ سیاحتی قیام گاہوں کے قواعد و ضوابط کی دفعہ 22، پیرا گراف 4 کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ اس قانون کا مقصد قیام گاہوں میں حفاظتی معیار کو بلند کرنا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنا ہے۔
سیاح اب اپنے ہمراہ پورٹیبل گیس چولہے یا کسی بھی قسم کے گیس سلنڈر ہوٹل کے کمروں میں نہیں لے جا سکیں گے۔اس پابندی کا اطلاق مدینہ منورہ کے تمام ہوٹلوں، موٹلز اور فرنشڈ اپارٹمنٹس پر فوری طور پر ہوگا۔
وزارت نے تاکید کی ہے کہ تمام انتظامیہ اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کروائیں تاکہ زائرین کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
وزارتِ سیاحت نے تمام نجی سیاحتی سہولیات کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ مہمانوں کو ان قواعد سے آگاہ کریں اور سیکیورٹی اقدامات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتیں۔ یہ اقدام متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ مجموعی حفاظتی فریم ورک کا حصہ ہے تاکہ مقدس شہر میں قیام کو محفوظ بنایا جا سکے۔