چین میں نائب وزیر خارجہ عہدے سے برطرف
چین میں سینئر سفارتکار سن ویڈونگ کو اچانک نائب وزیر خارجہ کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
چین کی وزارت انسانی وسائل نے اپنی ویب سائٹ پر ایک مختصر بیان میں ان کی برطرفی کا اعلان کیا، تاہم اس فیصلے کی کوئی واضح وجہ یا تفصیل بیان نہیں کی گئی۔ حکومتی بیان کے مطابق یہ اقدام اعلیٰ ترین حکومتی اتھارٹی کی ہدایت پر کیا گیا۔
چین کی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ کے مطابق سن ویڈونگ کی آخری عوامی سرگرمی 13 مارچ کو برونائی اور ملائیشیا کے سفیروں سے ملاقاتیں تھیں۔ اس سے دو روز قبل انہوں نے پاکستان کے سفیر سے بھی دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
سن ویڈونگ کی برطرفی کے بعد ان کے مستقبل کے کردار کے حوالے سے کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔
ادھر چین میں انسداد بدعنوانی مہم کے تحت گزشتہ سال بڑی سطح پر کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران لاکھوں کیسز کی تحقیقات ہوئیں اور بڑی تعداد میں سرکاری اہلکاروں کو سزائیں دی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق اس مہم میں مختلف سطحوں کے ہزاروں افسران کے خلاف تادیبی کارروائی بھی کی گئی۔