چین کو ایرانی تیل نہیں لینے دیں گے۔آبنائے ہرمز میں رکاوٹ ڈالیں گے۔امریکہ

امریکہ اس حوالے سے سخت اقدامات کرے گا۔امریکی وزیر خزانہ کی گفتگو

               
April 15, 2026 · بام دنیا

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ امریکہ چین کو ایران سے تیل حاصل نہیں کرنے دے گا اور اس مقصد کے لیے آبنائے ہرمز میں چینی ٹینکروں کی راہ روکی جائے گی۔

واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین تیل حاصل تو کر سکتا ہے، مگر ایرانی تیل نہیں لے سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اس حوالے سے سخت اقدامات کرے گا۔

اسکاٹ بیسنٹ نے چین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے تیل کا سب سے بڑا خریدار ہونے کے باوجود ایک “ناقابلِ اعتماد عالمی شراکت دار” کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ چین تیل کے ذخائر جمع کر رہا ہے اور بعض اشیا کی برآمدات کو محدود کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر چینی حکام سے بات چیت بھی ہوئی ہے، تاہم انہوں نے اس سوال کا جواب دینے سے گریز کیا کہ آیا یہ تنازع صدر ٹرمپ کے وسط مئی میں بیجنگ کے مجوزہ دورے کو متاثر کرے گا یا نہیں۔

امریکی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اس دورے کا بنیادی پیغام استحکام ہوگا، اور گزشتہ موسم گرما سے دونوں ممالک کے تعلقات میں استحکام دیکھا گیا ہے، جو اعلیٰ سطحی قیادت سے قائم ہوا۔ انہوں نے زور دیا کہ موثر رابطہ کاری ہی تعلقات کو بہتر بنانے کی کلید ہے۔