پاکستان میں کم اقتصادی ترقی۔مہنگائی میں اضافے کا خدشہ ہے۔آئی ایم ایف

مشرق وسطیٰ کی جنگ کے اثرات نے عالمی معاشی ترقی کی رفتار کو متاثر کیا ہے

               
April 15, 2026 · بام دنیا

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی تازہ ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ 2026 کے مطابق مشرق وسطیٰ کی جنگ کے اثرات نے عالمی معاشی ترقی کی رفتار کو متاثر کیا ہے، جس کے باعث عالمی شرح نمو میں کمی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پاکستان کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملکی معیشت کی شرح نمو سست روی کا شکار رہے گی اور مہنگائی میں اضافہ متوقع ہے۔ رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.6 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ حکومت نے اس کے لیے 4.2 فیصد کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔

آئی ایم ایف کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی معاشی ترقی کی رفتار 0.2 فیصد کمی کے ساتھ 3.4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق خطے میں جاری جنگ نے توانائی کی سپلائی اور عالمی منڈیوں کو متاثر کیا ہے، جس کے باعث عالمی معیشت غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح 7.2 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ آئندہ مالی سال یہ بڑھ کر 8.4 فیصد تک جانے کا خدشہ ہے۔ گزشتہ مالی سال مہنگائی 4.5 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں بے روزگاری کی شرح اس سال 7.1 فیصد سے کم ہو کر 6.9 فیصد تک آ سکتی ہے، جبکہ اگلے مالی سال یہ مزید کم ہو کر 6.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کے 0.4 فیصد کے برابر ہو سکتا ہے، جو اگلے سال بڑھ کر 0.9 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔

آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ جنگ کے باعث عالمی توانائی سپلائی اور مارکیٹیں متاثر ہوئی ہیں، اس لیے عالمی برادری کو بدلتی ہوئی معاشی صورتحال کے مطابق نئی اقتصادی ترجیحات اپنانا ہوں گی۔ ادارے کے مطابق جنگ کی مدت اور شدت ہی عالمی معیشت کے مستقبل کا تعین کرے گی۔