بحیرہ انڈمان میں کشتی حادثہ۔ 250 مہاجرین لاپتہ ہوگئے۔ اقوام متحدہ

کشتی بنگلہ دیش کے جنوبی علاقے سے روانہ ہو کر ملائیشیاجا رہی تھی۔

               
April 15, 2026 · بام دنیا

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے تصدیق کی ہے کہ بحیرہ انڈمان میں مہاجرین سے بھری ایک کشتی الٹنے کے بعد تقریباً 250 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ کشتی بنگلہ دیش کے جنوبی علاقے سے روانہ ہو کر ملائیشیاجا رہی تھی کہ شدید ہواؤں اور خراب سمندری حالات کے باعث حادثے کا شکار ہو گئی۔ کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار تھے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کشتی میں تقریباً 280 افراد سوار تھے اور یہ 4 اپریل کو روانہ ہوئی تھی، تاہم حادثے کے وقت کے بارے میں حتمی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔بنگلہ دیش کوسٹ گارڈنے بتایا کہ 9 اپریل کو ایک گشتی جہاز نے 9 افراد کو زندہ بچا لیا۔ ایک بچ جانے والے شخص کے مطابق کشتی روانگی کے چار دن بعد الٹ گئی تھی اور مسافر تقریباً 36 گھنٹے تک سمندر میں بہتے رہے۔اقوام متحدہ کے اداروں نے اس افسوسناک واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور غیر محفوظ سمندری سفر کے خطرات پر فوری توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔