پاکستان کی مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی کا سعودی عرب کے ریٹیل سیکٹر پر راج قائم
ڈاکٹر عمر سیف کی کمپنی نے جھنڈے گاڑ دیئے، 6 لاکھ سے زائد اسٹورز کا ڈیٹا مانیٹر کریں گے
پاکستانی ٹیلنٹ اور جدید ٹیکنالوجی نے عرب دنیا میں اپنی دھاک بٹھا دی۔ سابق وفاقی وزیرِ آئی ٹی اور معروف ٹیکنالوجسٹ ڈاکٹر عمر سیف کی قیادت میں قائم ریٹیل اینالیٹکس فرم aiSight.ai نے سعودی عرب میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے۔
سعودی عرب کی تیزی سے بدلتی ہوئی مارکیٹ میں اب روایتی طریقے پرانے ہو چکے ہیں۔ ڈاکٹر عمر سیف کی کمپنی نے مملکت میں ایک ایسا AI ٹریکنگ سسٹم متعارف کرایا ہے جو 6 لاکھ 30 ہزار سے زائد ریٹیل آؤٹ لیٹس کا ڈیٹا مانیٹر کر رہا ہے۔ یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پاکستانی سافٹ ویئر اور ڈیٹا اینالیٹکس کا کوئی مقابلہ نہیں۔
عرب نیوز کے مطابق، aiSight.ai محض ایک پلیٹ فارم نہیں بلکہ ایک مکمل “فیصلہ ساز نظام” ہے۔ یہ سسٹم درج ذیل جدید ٹیکنالوجیز استعمال کرتا ہے:
سیٹلائٹ امیجری: خلا سے مارکیٹ کی صورتحال کا جائزہ۔
فٹ فال اینالیٹکس: اسٹورز میں گاہکوں کی آمد و رفت کی درست پیمائش۔
ریئل ٹائم ڈیٹا: کمپنیوں کو روزانہ کی بنیاد پر سیلز اور ڈسٹری بیوشن بہتر بنانے میں مدد۔
ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد دنیا کا سب سے ذہین ریٹیل پلیٹ فارم بنانا ہے۔ سعودی عرب میں ریٹیل آؤٹ لک کا بزنس 1.5 کروڑ ڈالر کی آمدن کا موقع فراہم کر رہا ہے، اور اسی کو دیکھتے ہوئے aiSight.ai نے آئندہ چند برسوں میں وہاں ملین ڈالرز کی مزید سرمایہ کاری کا بھی اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ سعودی عرب جیسے بڑے بازاروں میں اب روایتی رپورٹس نہیں بلکہ لمحہ بہ لمحہ اپڈیٹ ہونے والی معلومات کی ضرورت ہے، اور پاکستانی ٹیکنالوجی یہی ضرورت پوری کر رہی ہے۔
یہ صرف ایک کمپنی کی ترقی نہیں، بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے ‘ٹیک امیج’ کی بلندی ہے۔ پاکستانی ٹیکنالوجسٹس نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ دنیا کی پیچیدہ ترین مارکیٹس کو لیڈ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔