ایرانی صدر کا پاکستان کے ذمہ دارانہ کردار کا اعتراف

ایران امن، استحکام اور خطے میں برادرانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ صدر مسعود پزشکیان

               
April 17, 2026 · بام دنیا

ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد کی کوششیں خطے میں جنگ بندی اور سفارتی رابطوں کے فروغ میں مؤثر اور ذمہ دارانہ ثابت ہوئی ہیں۔

صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران امن، استحکام اور خطے میں برادرانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ ان کے مطابق ایرانی عوام ماضی میں وعدوں کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے امریکا پر اعتماد نہیں رکھتے، اور عالمی قوانین و اصولوں کے مطابق ایرانی قوم کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اس تنازع میں فاتح کے طور پر سامنے نہیں آئے گا، جبکہ اس کشیدگی سے خطے کے ممالک اور دنیا کو سنگین نقصانات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ایرانی صدر نے صیہونی حکومت کے عزائم پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے سرگرم ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ امت مسلمہ کا اتحاد ان عزائم کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے زور دیا کہ خطے کی سلامتی کو خطے کے ممالک ہی یقینی بنائیں۔