پی ایس ایل 11: اسلام آباد یونائیٹڈ بھی پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی

حیدرآباد کنگزمین کی پوری ٹیم 16 اوورز میں 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ، 8وکتوں سے شکست

               
April 24, 2026 · اسپورٹس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی:پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) الیون کے 36 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگزمین کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

حیدرآباد کنگزمین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 81 رنز کا ہدف دیا جو اسلام آباد یونائیٹڈ نے ساتویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے نوجوان بیٹر محسن ریاض نے 42 رنز کی اننگز کھیلی، سمیر منہاس 27 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پی ایس ایل 11، پشاور زلمی، ملتان سلطانز پلے آف مرحلے میں پہنچ گئیں

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے  حیدرآباد کنگزمین کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا اور اسلام آباد کی بولنگ لائن کے سامنے حیدرآباد کنگزمین ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

حیدرآباد کنگزمین کی بیٹنگ مکمل طور پر بکھر گئی ہے اور 16 اوورز میں پوری ٹیم  80 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یہ ان کے ڈیبیو سیزن کا اب تک کا بدترین اسکور بن گیا۔ اس سے قبل ان کا کم ترین اسکور 130 تھا جو لاہور قلندرز کے خلاف کیا تھا۔

میچ میں حیدرآباد کنگزمین کی وکٹیں تیزی سے گریں، خاص طور پر درمیانی اور آخری اوورز میں کوئی بیٹر اننگز کو سنبھال نہیں سکا، عثمان خان 25 رنز کے ساتھ اننگز کے ٹاپ اسکورر رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے رچرڈ گلیسن، شاداب خان اور عماد وسیم نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔