آبنائے ہرمز کے اوپر امریکی ری فیولنگ طیارہ 18 گھنٹے سے لاپتہ

علاقے میں H125 لائٹ یوٹیلٹی ہیلی کاپٹرز کو پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا

               
  May 6, 2026 · بام دنیا

متحدہ عرب امارات کے الظفرہ ایئر بیس سے پرواز بھرنے والا امریکی فضائیہ کا ایک KC-135 اسٹریٹو ٹینکر طیارہ آبنائے ہرمز پر طیاروں میں ایندھن بھرنے کے بعد قطر کے قریب فضا میں لاپتہ ہوگیا۔

پانچ مئی کی شام لاپتہ ہونے والے طیارے کے بارے میں 18 گھنٹے بعد بھی کچھ علم نہیں ہوسکا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، طیارے نے ریڈار سے اوجھل ہونے سے قبل بین الاقوامی ہنگامی کوڈ ‘7700’ جاری کیا تھا، جو کسی سنگین تکنیکی خرابی یا ہنگامی صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔ فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا ظاہر کرتا ہے کہ طیارہ اپنی منزل کی طرف بڑھنے کے بجائے فضا میں چکر کاٹ رہا تھا جس کے بعد اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔

سگنل غائب ہونے کے فوراً بعد علاقے میں H125 لائٹ یوٹیلٹی ہیلی کاپٹرز کو پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے، جو ممکنہ طور پر تلاش کے کام میں مصروف ہیں۔
ٹرانسپونڈر سگنل کا ختم ہونا ہمیشہ حادثے کی علامت نہیں ہوتا، بعض اوقات فوجی طیارے سیکیورٹی وجوہات پر خود بھی سگنل بند کر دیتے ہیں۔
اگرچہ علاقے میں سرچ اینڈ ریسکیو ہیلی کاپٹرز کی نقل و حرکت دیکھی گئی ہے، تاہم تاحال امریکہ کی طرف سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے اور آبنائے ہرمز میں پہلے ہی کئی تجارتی و فوجی جہازوں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔