بحری جنگی جہازوں پر ایرانی حملے ناکام بنا دیے۔ سینٹکام

ایرانی افواج نے متعدد میزائل، ڈرونز اور چھوٹی کشتیوں کے ذریعے حملے کیے

May 8, 2026 · بام دنیا

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اس کے بحری جنگی جہازوں پر اس وقت حملہ کیا جب وہ آبنائے ہرمز سے گزر کر خلیج عمان کی طرف بڑھ رہے تھے، تاہم اس کی فورسز نے ’بلا اشتعال ایرانی حملوں کو ناکام بنایا‘ اور اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کی۔

سینٹکام نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’ایرانی افواج نے متعدد میزائل، ڈرونز اور چھوٹی کشتیوں کے ذریعے اس وقت حملے کیے جب یو ایس ایس ٹرکسٹن (ڈی ڈی جی 103)، یو ایس ایس رافیل پرالٹا (ڈی ڈی جی 115) اور یو ایس ایس میسن (ڈی ڈی جی 87) بین الاقوامی آبی گزرگاہ سے گزر رہے تھے۔ لیکن کوئی بھی امریکی اثاثہ ان کا نشانہ نہیں بنا۔‘

سینٹکام کے مطابق اس کی فورسز نے ایرانی حملوں کو ناکام بنایااور ان ’ایرانی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جو امریکی افواج پر حملوں کی ذمہ دار تھیں‘، جن میں اس کے مطابق میزائل اور ڈرون لانچ سائٹس، کمانڈ اینڈ کنٹرول مقامات اور انٹیلی جنس اور نگرانی کے مراکز شامل ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سینٹکام کشیدگی میں اضافہ نہیں چاہتا لیکن امریکی افواج کے تحفظ کے لیے مستعد اور تیار ہے۔