اقوامِ متحدہ کا غزہ میں خطرناک کچرا ہٹانے کی اجازت دینے کامطالبہ
جھڑپوں کے باعث مخصوص لینڈ فل سائٹس تک رسائی ممکن نہیں رہی۔ اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امورنے اسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں بے گھر افراد کے کیمپوں اور رہائشی علاقوں سے کچرا ہٹانے کی اجازت دی جائے تاکہ آگ لگنے اور صحت کے سنگین خطرات سے بچا جاسکے۔
ادارے نے بتایا کہ غزہ سٹی کے مرکز میں واقع ’’فیراس مارکیٹ‘‘ میں گزشتہ ہفتے آگ بھڑک اٹھی، جہاں بڑی مقدار میں ٹھوس کچرا جمع کیا جارہا تھا۔ یہ علاقہ پناہ گزینوں کی رہائش گاہوں کے قریب واقع ہے۔
اقوامِ متحدہ کی ٹیموں نے آگ بجھانے کے لیے پانی کے ٹینکرز اور مشینری فراہم کی۔اوچا کے مطابق غزہ میں جاری جھڑپوں کے باعث مخصوص لینڈ فل سائٹس تک رسائی ممکن نہیں رہی، جس کے نتیجے میں فیراس مارکیٹ میں جمع کچرا چار منزلہ عمارت کی بلندی سے بھی تجاوز کرگیا ہے۔
ادارے نے کہا کہ غزہ کی دو بڑی لینڈ فل سائٹس سرحدی باڑ کے قریب واقع ہیں اور وہاں رسائی اسرائیلی اجازت سے مشروط ہے۔
اقوامِ متحدہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ غزہ میں کچرا، ملبہ اور دھماکہ خیز مواد ہٹانے کے لیے ضروری مشینری اور اس کے اسپیئر پارٹس کی ترسیل کی اجازت دی جائے۔