اسرائیل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ پاکستان

مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا واحد حل ایک آزاد خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔

May 9, 2026 · بام دنیا

پاکستان نے مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

عاصم افتخار نے اقوام متحدہ میں مغربی کنارے سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے خطے میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کا پابند بنائے، کیونکہ فلسطینی علاقوں میں ٹیکس محصولات کی بندش فلسطینی معیشت کو کمزور کرنے کی ایک کوشش ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا واحد حل ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہے۔