مبینہ طور پر حساس مقامات کی تصاویر بنانے اور معلومات فراہم کرنے کا الزام
اسرائیلی حکام نے ایران کیلئے مبینہ جاسوسی کے الزام میں 3 اسرائیلی فوجیوں اور ایک آبادکار کے خلاف فردِ جرم عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسرائیلی سیکورٹی ایجنسی اور پولیس کے مشترکہ بیان کے مطابق ملزمان طویل عرصے سے ایران سے منسلک مبینہ ایجنٹس کے ساتھ رابطے میں تھے اور انہوں نے جان بوجھ کر تہران کے لیے جاسوسی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تینوں فوجی اسرائیلی فضائیہ کے ایک ٹیکنیکل اسکول میں تربیت حاصل کر رہے تھے، اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ ایرانی ہینڈلر کی ہدایات پر فوجی تنصیبات اور دیگر حساس مقامات کی تصاویر بنائیں۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان نے ریلوے اسٹیشنز، شاپنگ سینٹرز اور سیکیورٹی کیمروں سمیت مختلف عوامی مقامات کی بھی دستاویز بندی کی۔ مبینہ ایرانی رابطہ کار نے ان سے اسلحہ خریدنے کا بھی مطالبہ کیا تھا، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا اس پر عمل کیا گیا یا نہیں۔
چاروں ملزمان کے خلاف جمعہ کو حیفہ ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس میں باضابطہ فردِ جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔