پاکستان،بنگلہ دیش کے درمیان منشیات کی روک تھام کیلئے معاہدے پر دستخط
پاکستان بنگلہ دیش تعلقات میں بہتری، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا
پاکستان اور بنگلہ دیش نے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام اور داخلی سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سیکرٹری لیول جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
یہ اتفاق وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی اور بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد کی ملاقات میں ہوا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان منشیات کی غیر قانونی نقل و حمل، استعمال اور اسمگلنگ کے خلاف تاریخی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔
معاہدے کے تحت پاکستان اور بنگلہ دیش منشیات کی روک تھام کے لیے قریبی تعاون کریں گے، جبکہ معاشرے میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان اور اس کے منفی اثرات کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔
دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ منشیات کی غیر قانونی سپلائی چین کو ختم کرنے کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں گے اور متعلقہ ادارے اسمگلنگ نیٹ ورکس سے متعلق بروقت معلومات کا تبادلہ کریں گے۔
مزید برآں معاہدے میں اہلکاروں کی تربیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور انسداد منشیات کے بہترین طریقہ کار کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلہ دیش کو سیف سٹی پراجیکٹ میں مکمل تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
ملاقات میں پاک بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات، داخلی سلامتی، سول آرمڈ فورسز کی تربیت، انسداد دہشت گردی، انسانی اسمگلنگ، سائبر کرائم اور منظم جرائم کے خلاف تعاون بڑھانے پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔
دونوں وزرائے داخلہ نے پولیس اکیڈمیز میں افسران کی تربیت کے پروگرامز میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
آخر میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلہ دیشی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جس پر بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے سیف سٹی پراجیکٹ میں تعاون کی پیشکش پر ان کا شکریہ ادا کیا۔