موساد کے لیے کام کرنے کے الزام میں ایران کا 7 افراد گرفتار کرنے کا اعلان

کرمان اور البرز میں علیحدہ علیحدہ کارروائیوں کے دوران مزید تین افراد کو گرفتار کیا گیا

May 11, 2026 · بام دنیا

ایران کی وزارتِ انٹیلیجنس نے اعلان کیا ہے کہ اس نے چھ صوبوں میں کارروائیوں کے دوران دو ایسے سیل ختم کیے ہیں جو اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کے لیے کام کر رہے تھے۔

وزارت کے بیان کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران سات افراد گرفتار کیے گئے جبکہ مسلح جھڑپ میں ایک شخص ہلاک ہوا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مغربی آذربائیجان میں چار افراد پر مشتمل ایک سیل صوبے کے مختلف علاقوں اور تہران میں حساس مراکز اور سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ دار الحکومت میں ایک قتل کی تیاری کر رہا تھا۔

اس کے علاوہ حکام نے اعلان کیا کہ کرمان اور البرز میں علیحدہ علیحدہ کارروائیوں کے دوران مزید تین افراد کو گرفتار کیا گیا جو ایرانی فوجی دستوں کو نشانہ بنانے کے لیے ریکی کے مرحلے میں تھے۔

وزارت کے مطابق ان سے برآمد ہونے والے سامان میں چھوٹے ڈرون، سائلنسر لگے ہتھیار، گولہ بارود، مواصلاتی آلات، سٹارلنک ریسیور اور بُلٹ پروف جیکٹس شامل ہیں۔

صوبہ قزوین میں بھی حکام نے ایک شخص کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے جن کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ وہ ملک کی شمالی سرحد کے ذریعے حساس فوجی معلومات سمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔