پاکستان کی تعلیمی ترقی متاثرکن ہے، بنگلہ دیشی وزیر
ڈھاکہ ایجوکیشن ایکسپو 2026 میں اظہارِ خیال
بنگلہ دیش کے وزیر تعلیم ڈاکٹر اے این ایم احسان الحق میلون نے پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی ترقی اور معیار کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی یونیورسٹیوں کے سٹالز دیکھ کر ایسا لگا جیسے پورے پاکستان کا سفر کر آیا ہوں۔
پاکستان ہائی کمیشن ڈھاکہ اور پاکستان کی ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے تعاون سے منعقدہ “پاکستان ایجوکیشن ایکسپو 2026” کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم ڈاکٹر احسان الحق نے کہا کہ سٹالز دیکھ کر مجھے لگا کہ میں پورے پاکستان کا سفر کر رہا ہوں۔ میں پاکستان کے تعلیمی نظام میں ہونے والی نمایاں بہتری سے واقعی متاثر ہوا ہوں۔
بنگلہ دیشی وزیر تعلیم نے پاکستان کی جانب سے بنگلہ دیشی طلبہ کے لیے وظائف کی پیشکش کا خیر مقدم کیا اور اسے طلبہ کے لیے ایک بہت قیمتی موقع قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذہب، ثقافت، خوراک اور روایات میں گہری مماثلتیں ہیں، اس لیے بنگلہ دیشی طلبہ کو پاکستان میں کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آئے گی۔
ڈاکٹر احسان الحق میلون نے والدین اور طلبہ کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ وظائف کی بدولت طلبہ سہولت محسوس کریں گے اور پوری توجہ اپنی تعلیم پر مرکوز رکھ سکیں گے۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جو بنگلہ دیشی طلبہ پاکستان میں تعلیم حاصل کریں، وہ اپنے وطن کے سفیر کی حیثیت سے پیش آئیں اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد واپس آ کر ملک کی خدمت کریں۔
پاکستان ایجوکیشن ایکسپو 2026میں پاکستان کی متعدد اعلیٰ ترین یونیورسٹیوں نے بھرپور شرکت کی ہے۔ ایکسپو میں ہزاروں بنگلہ دیشی طلبہ و طالبات کی آمدمتوقع ہے۔ یہ تقریب دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون اور باہمی روابط کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی جانب ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔
ڈھاکہ ،پاکستان بنگلہ دیش نالج کوریڈور کے تحت منعقدہ ایجوکیشن ایکسپو کا افتتاح بنگلہ دیش کے وزیر تعلیم ڈاکٹر احسان الحق اور پاکستان کے سفیر عمران حیدر نے کیا۔ ایکسپو میں پاکستان کے مختلف یونیورسٹیوں نے اپنے اسٹال قائم کیے ہیں جو بنگلہ دیش کے طلبہ و طالبات کو فری اسکالرشپس آفر کررہے ہیں۔ ایکسپو میں سیاسی و سماجی شخصیات، طلبہ و طالبات، پاکستانی کمیونٹی اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔