خودکش حملہ ناکام بنانے والے لیاقت علی کی سرکاری اعزاز کے ساتھ نماز جنازہ ادا

بہادری کے دوران جان قربان کرنے والے لیاقت علی کو بھرپور خراجِ عقیدت

May 12, 2026 · قومی

اٹک میں حکام شہید لیاقت علی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں

خوشحال گڑھ چیک پوسٹ کے قریب خودکش حملے کو ناکام بنانے کی کوشش میں جان کی قربانی دینے والے شہری کی نماز جنازہ پولیس لائن اٹک میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز خوشحال گڑھ چیک پوسٹ کے قریب ایک خودکش حملے کو ناکام بنانے کی کوشش کے دوران لیاقت علی نے بہادری اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

ان کی نماز جنازہ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جہاں اٹک پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

نماز جنازہ میں (ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن)، بریگیڈیئر حامد مختیار (اسٹیشن کمانڈر آرٹلری سنٹر اٹک)، وفاقی وزیر ریلوے ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سردار مروان خان، ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا سمیت مختلف محکموں کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، عمائدین علاقہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مقررین نے لیاقت علی کی قربانی کو حب الوطنی اور بے مثال جرات کی روشن مثال قرار دیا، جنہوں نے اپنی جان دے کر متعدد قیمتی جانیں محفوظ بنائیں۔

اٹک پولیس نے اس موقع پر کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں شہید کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی قربانی کو ہمیشہ عزت و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔

اختتام پر ملکی سلامتی، امن و امان کے قیام اور شہید کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔