سلہٹ ٹیسٹ کا دوسرا روز، قومی ٹیم پہلی اننگز میں 232 رنز پرآؤٹ , بنگلادیش کو 156 رنز کی برتری حاصل

بابر اعظم 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، ساجد خان نے 28 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی۔

May 17, 2026 · اسپورٹس
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

سلہٹ : بنگلادیش کے خلاف پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 232 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی، جبکہ تیسرے دن کھیل کے اختتام تک بنگلادیشی ٹیم نے 3 وکٹوں پر 110 رنز بنالیے اور اسے 156 رنز کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان نے 21 رنز بغیر کسی نقصان کے ساتھ دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا مگر دونوں اوپنرز جلد ہی اپنے وکٹیں گنوا بیٹھے، اذان اویس 13 اور عبداللہ فضل 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

61 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی تیسری وکٹ بھی گر گئی، کپتان شان مسعود 21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، بابر اعظم 68 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، سعود شکیل 8، سلمان آغا 21 رنز بناسکے۔

 پاکستان کی ساتویں وکٹ 174 رنز پر گری، محمد رضوان 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، آٹھویں 184 رنز پر گری، حسن علی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی نویں وکٹ 207 رنز گری جب خرم شہزاد 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور آخری وکٹ 232 رنز پر ساجد خان کی صورت میں گری، انہوں نے 28 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلادیش کی جانب سے ناہید رانا اور تیج الاسلام نے 3، 3 جبکہ تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کے پہلے روز بنگلادیش کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 278 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، لٹن داس نے 126 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

پاکستان کی طرف سے خرم شہزاد نے 4، محمد عباس نے 3، حسن علی نے 2 اور ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی طرف سے اذان اویس اور عبداللہ فضل نے اننگز کا آغاز کیا، پہلے روز کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنالیے۔

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستانی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، امام الحق، شاہین آفریدی اور نعمان علی کی جگہ بابر اعظم، خرم شہزاد اور ساجد خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بنگلا دیش کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے، بنگلادیش نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 104 رنز سے شکست دی تھی۔