غزہ امدادی فلوٹیلا کے کارکن اسرائیلی ملک بدری کے بعدترکیہ پہنچ گئے
انقرہ کی طرف سے چارٹرڈ کیے گئے تین طیاروں کے ذریعے جنوبی اسرائیل سے روانہ کیاگیا
اسرائیل کی جانب سے غزہ جانے والے امدادی فلوٹیلا (بحری قافلے) سے حراست میں لیے گئے تمام غیر ملکی سرگرم کارکنوں کو ملک بدر کیے جانے کے بعد، ان کا پہلا گروپ ترکیہ پہنچ گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حراست کے دوران کارکنوں کے ساتھ کیے جانے والے سلوک پر عالمی سطح پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
فلسطینی علاقے غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کی تازہ ترین کوشش کے دوران پیر کو سمندر میں روکے جانے کے بعد دنیا بھر کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں کارکنوں کو اسرائیل میں نظربند کر دیا گیا تھا۔
ترکیہ کی وزارتِ خارجہ کے ذرائع کے مطابق 85 ترک شہریوں سمیت 422 کارکنوں کو انقرہ کی طرف سے چارٹرڈ کیے گئے تین طیاروں کے ذریعے جنوبی اسرائیل سے روانہ کیا گیا۔’فریڈم فلوٹیلا کوالیشن‘ نے ان پروازوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کئی دیگر کارکنوں کو براہِ راست ان کے آبائی ممالک بھیج دیا گیا ہے۔