ایران سے مذاکرات میں پیشرفت، چند گھنٹوں میں اچھی خبر ملے گی، امریکی وزیر خارجہ

مذاکرات کا مقصد یہ ہے کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا،مارکو روبیو

فائل فوٹو

فائل فوٹو

بھارت میں پریس کانفرنس کے دوران پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس اچھی خبر کا تعلق آبنائے ہرمز کے حوالے سے ہے اور ایک ایسے عمل کے حوالے سے ہے جو بالآخر ہمیں وہاں پہنچا سکتا ہے جہاں صدر ٹرمپ ہمیں دیکھنا چاہتے ہیں، یعنی ایک ایسی دنیا جہاں ایران کے جوہری ہتھیاروں کے خوف سے نجات حاصل ہو چکی ہو۔

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں اس حوالے سے کچھ اچھی خبریں ہیں، لیکن حتمی خبریں نہیں ہیں، میں یہ ضرور کہنا چاہوں گا کہ کچھ پیشرفت ہوئی ہے، اہم پیشرفت ہوئی ہے، تاہم حتمی پیشرفت نہیں ہوئی۔

مارکو روبیو نے کہا کہ مذاکرات کا مقصد یہ ہے کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا، اور وہ کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں رکھے گا، کم از کم اُس وقت تک تو ہرگز نہیں جب تک ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے صدر ہیں۔

مارکو روبیو نے کہا کہ آبنائے ہرمز ایک بین الاقوامی آبی گزر گاہ ہے اور ایران اس کا مالک نہیں ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کے مطابق اس وقت ایران یہ بین الاقوامی آبی گزر گاہ استعمال کرنے والے تجارتی بحری جہازوں کو دھمکا رہا ہے اور کسی بھی بین الاقوامی ضابطے کے تحت یہ غیر قانونی ہے، اگر ہم نے ایسا ہونے دیا تو ایک خطرناک مثال قائم کریں گے۔

امریکی وزیر خارجہ نے بتایا کہ 48 گھنٹوں میں کچھ پیشرفت ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کا محصول ادا کیے بغیر آمد و رفت بحال ہو گی، بلکہ اُن بعض بنیادی عوامل پر بھی توجہ دی جائے گی جو ماضی میں ایران کے جوہری ہتھیاروں کے عزائم کو ظاہر کرتے رہے ہیں۔

مارکو روبیو نے کہا کہ ان کے خیال میں بعض ایسے معاملات کے خدوخال پر پیشرفت ہوئی ہے جن پر عمل ہوا تو مطلوبہ نتائج حاصل ہو جائیں گے، اس کے لیے ایران کی منظوری اور تعمیل بھی درکار ہو گی اور اس کی تفصیلات مستقبل میں طے کی جائیں گی۔