بھارتی پارک میں ٹوائے ٹرین حادثہ5سالہ بچی کی جان لے گیا

حادثہ جودھپور کے مندور گارڈن میں پیش آیا

June 2, 2026 · بام دنیا

ٹرین کے رکنے سے پہلے ہی اس کا ایک پہیہ عنائیرا کی گردن کے اوپر سے گزر چکا تھا: بچی کے والد کا بیان/ فائل فوٹو

 

بھارت میں پارک کی سیر کو آنے والی 5 سالہ بچی عنائیرا ٹوائے ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جودھپور کے مشہور مندور گارڈن میں فیملی سیر کے دوران یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔

5 سالہ عنائیرا کے والد محمد حبیب نے بتایا کہ وہ فیملی کے ساتھ ٹوائے ٹرین میں سوار تھے کہ اچانک ٹرین ڈرائیور نے بریک لگائی جس سے عنائیرا ٹرین سے نیچے گر گئی۔

والد کے مطابق مسافروں نے فوری طور پر الارم بجایا اور آپریٹر سے ٹرین کو روکنے کا کہا، مگر ٹرین چلتی رہی۔ٹرین کے رکنے سے پہلے ہی ایک پہیہ عنائیرا کی گردن کے اوپر سے گزر چکا تھا۔

اس دوران 20 سالہ بھتیجی مسکان عنائیرا کو بچانے کی کوشش میں زخمی ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بچی کے والد نے ٹرین آپریٹر کی غفلت پر پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔