ملک بھر میں 50 ہزار سے زائد ٹیکس مقدمات زیر التوا
مختلف عدالتوں اور ٹربیونلز میں ہزاروں مقدمات قومی خزانے کو متاثر کر رہے ہیں ،ذرائع
فائل فوٹو
اسلام آباد: ملک بھر میں ٹیکس اور کسٹمز سے متعلق تقریباً 5 ہزار 700 ارب روپے مالیت کے 50 ہزار 732 مقدمات مختلف عدالتوں اور ٹربیونلز میں زیر سماعت ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے باعث قومی خزانے کی خطیر رقم قانونی تنازعات میں پھنسی ہوئی ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ذرائع کے مطابق اپیلٹ ٹربیونلز میں سب سے زیادہ 27 ہزار 621 مقدمات زیر التوا ہیں جن کی مجموعی مالیت 3 ہزار 383 ارب روپے بنتی ہے۔
ذرائع کے مطابق کلیکٹر ایڈجوڈیکیشن کے پاس 58 ارب 30 کروڑ روپے کے 2 ہزار 155 کیسز اور کلیکٹر اپیلز کے پاس 46 ارب 30 کروڑ روپے کے 322 کیسز زیر التوا ہیں۔
سپریم کورٹ میں 184 ارب روپے کے 3 ہزار 961 ٹیکس اور کسٹمز کیسز زیر سماعت ہیں، جبکہ لاہور ہائی کورٹ میں 977 ارب روپے کے 8 ہزار 232 مقدمات زیر التوا ہیں۔
سندھ ہائی کورٹ میں 558 ارب روپے کے 5 ہزار 521 کیسز زیر سماعت ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ میں 2 ہزار 210 مقدمات 492 ارب روپے مالیت کے زیر سماعت ہیں۔
پشاور ہائی کورٹ میں 528 مقدمات 28 ارب روپے جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ میں 186 مقدمات 8 ارب روپے مالیت کے زیر التوا ہیں۔