حوثیوں کا بحیرہ احمر میں اسرائیلی آمدورفت محدود کرنے کا اعلان
ایران پر حملوں کو یمن کے خلاف کارروائی قرار دے دیا
یمن کے حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر میں اسرائیل اور اس کے اتحادی ممالک سے منسلک بحری آمدورفت پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
حوثی ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کو یمن کے خلاف کارروائی تصور کیا جائے گا اور اس کا مناسب جواب دیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق حوثی فورسز نے حالیہ کارروائیوں کے دوران اسرائیل کی بعض دفاعی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے خلاف حملے اور جارحانہ اقدامات بند نہ کیے گئے تو اسرائیل پر مزید میزائل حملے کیے جائیں گے۔
دوسری جانب ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جنگ بندی کے بعد پہلی مرتبہ دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر براہِ راست حملے کیے ہیں۔