قابض بھارتی فوج کا ضلع راجوری میں سرچ آپریشن ، لیفٹیننٹ ہلاک

آپریشن کے دوسرے روز عسکریت پسندوں اور قابض افواج کے درمیان مختصر جھڑپ بھی ہوئی، تاہم عسکریت پسندفرار ہو گئے۔بھارتی فوجی حکام

June 8, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

سرینگر :  مقبوضہ جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریبی ضلع راجوری میں کشمیری عسکریت پسندوں کی تلاش کے بہانے قابض بھارتی فوج کا گزشتہ دو ہفتوں سے وحشیانہ سرچ آپریشن جاری ہے۔ اس آپریشن کے دوران بھارتی فوج کا ایک اہم افسر لیفٹیننٹ بِریشور گوسوامی ہلاک ہو گیا ہے۔

ایل او سی کے راجوری اور پونچھ سیکٹرز میں تعینات بھارتی فوج کی ‘وائٹ نائٹ کور’ نے اپنے لیفٹیننٹ کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ بھارتی فوجی ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ گوسوامی آپریشنل ڈیوٹی کے دوران ایک گہری کھائی میں گر کر ہلاک ہوا۔

رپورٹس کے مطابق، بھارتی سکیورٹی فورسز کو راجوری کے علاقے منج کوٹ، ڈوری مل اور گھمبیر مغلن کے گھنے جنگلاتی علاقوں میں مسلح عسکریت پسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی، جس کے بعد 23 مئی کو اس مہم کا آغاز کیا گیا۔

بھارتی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوسرے روز عسکریت پسندوں اور قابض افواج کے درمیان مختصر جھڑپ بھی ہوئی، تاہم عسکریت پسند گھنے جنگلات اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔