کراچی میں لفٹ کے بہانے شہریوں کو لوٹنے والے دو ملزمان گرفتار
غیر قانونی اسلحہ اور وارداتوں میں استعمال گاڑی برآمد، مزید تفتیش جاری
فائل فوٹو
کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شہریوں کو لفٹ کے بہانے لوٹنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی جس کے دوران وارداتوں میں ملوث ملزمان محمد کامران ولد محمد آصف اور محمد اسد ولد محمد انعام کو حراست میں لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن اور وارداتوں میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ پولیس نے کار نمبر CAS-695 کو ضابطے کے تحت اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان راہ چلتے شہریوں کو لفٹ دینے کا جھانسہ دے کر گاڑی میں بٹھاتے اور بعد ازاں اسلحے کے زور پر انہیں لوٹ کر فرار ہو جاتے تھے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس ملزمان کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ سے متعلق بھی معلومات حاصل کر رہی ہے۔