قطر، مصر کی امریکہ ایران ثالثی کوششوں کی حمایت کا اعادہ
قطری، مصری وزرائے خارجہ کا خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار
قطر اور مصر نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری ثالثی اور مذاکراتی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
قطری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک نے حتمی معاہدے کے متن کی تیاری کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ واشنگٹن اور تہران جلد کسی معاہدے پر دستخط کریں گے۔
مزید کہا گیا کہ قطری اور مصری وزرائے خارجہ نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔