کیلیفورنیا میں امریکی بی52 بمبار طیارہ گر کر تباہ۔ 8افراد ہلاک
طیارہ پرواز کے فوراً بعد صحرائی علاقے میں گر کر تباہ ہوا، روسی میڈیا
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنوبی علاقے میں امریکی فضائیہ کا بوئنگ بی 52 بمبار طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ روسی میڈیا کے مطابق اس حادثے میں 8 افراد ہلاک ہوئے ہیں، تاہم امریکی حکام کی جانب سے فوری طور پر ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی گئی۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے نے جیسے ہی پرواز بھری، وہ صحرائی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثہ ایڈورڈز ایئرفورس بیس کے قریب پیش آیا، جہاں واقعے کے بعد فضا میں دھوئیں کے بڑے بادل دیکھے گئے۔
طیارے کے عملے سے متعلق مکمل تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں، تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے کے مقام پر شدید تباہی ہوئی ہے اور طیارے کا ملبہ بری طرح جل چکا تھا۔
فوجی حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا طیارے میں اسلحہ یا بم موجود تھے یا نہیں۔ یہ بمبار طیارہ 1955 سے امریکی فضائیہ کے زیر استعمال ہے اور روایتی کے ساتھ ساتھ جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔