امریکن اسرائیل پبلک افیئرز کمیٹی کا ایران معاہدے پر محتاط ردعمل
امریکی کانگریس کو مذاکرات اور حتمی معاہدے کے جائزے میں کلیدی کردار دینے کا مطالبہ
امریکہ میں اسرائیل کے حامی طاقتور لابنگ گروپ امریکن اسرائیل پبلک افیئرز کمیٹی (ایپیک) نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ طے پانے والے مفاہمتی یادداشت پر محتاط ردعمل جاری کیا ہے۔
گروپ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس مذاکراتی فریم ورک کی مکمل تفصیلات جاننے کے منتظر ہیں، خاص طور پر یہ کہ آیا یہ معاہدہ امریکا کے جمہوری اتحادی اسرائیل کے اس خودمختار حق کا تحفظ کرتا ہے یا نہیں جس کے تحت وہ اپنے سکیورٹی خطرات کا جواب دے سکے۔
ایپیک نے کہا کہ امریکی کانگریس ان مذاکرات کے دوران انتظامیہ کے ساتھ قریبی تعاون کرے گی اور حتمی معاہدے کے جائزے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
تنظیم نے مزید کہا کہ کسی بھی حتمی معاہدے میں ایران کے میزائل اور ڈرون پروگراموں کے ساتھ ساتھ خطے میں مسلح گروہوں کی حمایت کے مسئلے کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔
ایپیک طویل عرصے سے ایران کے خلاف سخت پالیسی کی حامی رہی ہے اور اس نے 2015 کے ایران جوہری معاہدے کی مخالفت کی تھی، جسے بعد میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ختم کر دیا تھا۔