جنگ بندی پر قائم ہیں،اسرائیلی پیش قدمی کابھرپور جواب دیا جائے گا:حزب اللہ

لبنان میں کشیدگی کے دوران معاہدے کی خلاف ورزیوں پر سخت ردعمل کی وارننگ

June 20, 2026 · بام دنیا

فائل فوٹو

بیروت میں حزب اللہ نے کہا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ طے پانے والی جنگ بندی پر مکمل طور پر قائم ہے، تاہم اسرائیلی فوج کی کسی بھی پیش قدمی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

حزب اللہ کے بیان کے مطابق تنظیم جمعے کی شام سے جنگ بندی معاہدے کی مکمل پابندی کر رہی ہے جبکہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ رات سے معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ جنوبی لبنان کے علاقے نبطیہ کے قریب اسرائیلی فوج کی پیش قدمی کو روکنے کے لیے کارروائی کی گئی اور لبنانی سرزمین پر کسی بھی قبضے کی کوشش کا سخت جواب دیا جائے گا۔

حزب اللہ نے مزید کہا کہ اسرائیل کے ماضی کے طرزِ عمل اور مبینہ دھوکہ دہی کو مدنظر رکھتے ہوئے تنظیم ہر قسم کی صورتحال اور ممکنہ ردعمل کے لیے تیار ہے۔

تنظیم کے مطابق جنگ بندی برقرار رکھنے کی ذمہ داری تمام فریقوں پر عائد ہوتی ہے اور معاہدے کی خلاف ورزیوں سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔