کراچی:گاڑی امام بارگاہ کے گیٹ سے جاٹکرائی، 11افرادزخمی
حادثہ ڈیفنس صباایونیوکے قریب پیش آیا،امام بارگاہ بقیتہ اللہ میں مجلس جاری تھی,حادثہ گاڑی کے بریک فیل ہونے سے پیش آیا،گاڑی سوار 4 افرادگرفتار،ڈی آئی جی
فوٹو سوشل میڈیا
کراچی : شہر قائد کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 میں تیزرفتارگاڑی مبینہ طور پر بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہوکر امام بارگاہ کے باہر نصب بیریکیٹس توڑتی ہوئی داخلی گیٹ سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 11 سے زائدافرادزخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ بدرکمرشل صباایونیوکے قریب پیش آیا، جہاں امام بارگاہ بقیتہ اللہ میں مجلس جاری تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق تیزرفتار سوزوکی گاڑی اچانک بے قابو ہوئی اور دروازے کے قریب لگے حفاظتی بیریکیٹس توڑتے ہوئے امام بارگاہ کے داخلی حصے میں داخل ہوگئی، جس سے وہاں موجود افراد گاڑی کی زد میں آکرزخمی ہوگئے۔
ڈی آئی جی سائوتھ اسد رضاکے مطابق واقعہ تھانہ درخشاں کی حدودمیں پیش آیا اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ گاڑی کے بریک فیل ہونے کے باعث رونماہوا۔
انہوں نے بتایاکہ واقعے میں تقریباً 10 خواتین سمیت 11 سے زائد افرادزخمی ہوئے ہیں، جبکہ سوزوکی گاڑی میں سوار 4 افرادکوحراست میں لے لیاگیا۔جناح اسپتال منتقل کیے جانےوالے زخمیوں میں 18 سالہ مائن فاطمہ دختر اکرم، 20 سالہ مہناز دختر شہباز، 45 سالہ شازیہ، 5 سالہ امان فاطمہ دخترظفر، 40 سالہ ممتاز بی بی زوجہ ظفر، 22 سالہ شیر بانو دختر ارباب علی، 32 سالہ کوثر پروین زوجہ لیاقت بخش، 9 سالہ زنیفہ دختر اکرم، 3 سالہ آیات دختر ماجد اور 45 سالہ ارشاد بی بی زوجہ اکرم شامل ہیں۔
11زخمی