ایران سے مذاکرات میں آبنائے ہرمز کھلی رکھنے پر پیشرفت

چار فریقی مذاکرات میں اہم پیشرفت، امریکی سفارت کار کا دعویٰ

June 22, 2026 · بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

ایک امریکی سفارتکار نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

امریکی ویب سائٹ کو دیے گئے بیان میں سفارتکار نے کہا کہ مذاکرات کا ماحول مجموعی طور پر مثبت رہا اور تمام فریقوں نے جنگ بندی کو مؤثر اور پائیدار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کے مطابق بات چیت کے دوران لبنان میں کشیدگی کو کم رکھنے اور خطے میں استحکام برقرار رکھنے کے مختلف طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سفارتکار کا کہنا تھا کہ امریکا نے مذاکرات کے دوران اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ آبنائے ہرمز ہر صورت کھلی رہنی چاہیے تاکہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل متاثر نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ سیاسی قیادت اور تکنیکی ماہرین کے درمیان مستقبل میں رابطوں کے طریقہ کار اور فریم ورک پر بھی اتفاق رائے حاصل کر لیا گیا ہے۔

امریکی ویب سائٹ کے مطابق سفارتکار نے مزید کہا کہ آج ہونے والی پیش رفت پر مذاکرات میں شریک چاروں فریق اطمینان کا اظہار کرتے نظر آئے اور بات چیت کو آگے بڑھانے کے لیے مثبت عزم پایا گیا۔