سپین میں مہنگے گھروں اور کرایوں کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے
مظاہرین نے بڑھتے ہوئے کرایوں، بے دخلی کے واقعات اور کم آمدنی والے افراد کے لیے سستے گھروں کی کمی کے خلاف احتجاج کیا
سپین میں مہنگے گھروں اور کرایوں کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے
سپین میں مکانات کی قیمتوں اور کرایوں میں اضافے کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور حکومت سے رہائشی بحران کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔
دارالحکومت میڈرڈ میں مظاہرین نے بڑھتے ہوئے کرایوں، بے دخلی کے واقعات اور کم آمدنی والے افراد کے لیے سستے گھروں کی کمی کے خلاف احتجاج کیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق میڈرڈ میں ہونے والے مظاہرے میں تقریباً 70 ہزار افراد شریک ہوئے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ گھروں کی بڑھتی قیمتوں اور مہنگے کرایوں کے باعث عام شہریوں کے لیے رہائش کا حصول مشکل ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے سستے اور قابل استطاعت مکانات کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب ویلنسیا میں احتجاج کے دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں استعمال کیں۔
مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر رہائشی بحران کے خاتمے اور سستے گھروں کی فراہمی کے مطالبات پر پیش رفت نہ ہوئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرتے ہوئے مکمل ہڑتال کی جانب بھی جایا جاسکتا ہے۔