کراچی ایڈمن سوسائٹی میں منہدم عمارت سے مزید لاشیں برآمد- اموات 15 ہوگئیں

منہدم عمارت کا ملبہ ہٹانے کے کام میں انتہائی احتیاط سے کام لیا جا رہا ہے

November 29, 2026 · اہم خبریں
کراچی ایڈمن سوسائٹی میں منہدم عمارت سے مزید لاشیں برآمد- اموات 15 ہوگئیں

کراچی ایڈمن سوسائٹی میں منہدم عمارت سے مزید لاشیں برآمد- اموات 15 ہوگئیں

کراچی کے علاقے بلوچ کالونی سے متصل ایڈمن سوسائٹی میں گرنے والی چھ منزلہ رہائشی عمارت کا ملبہ ہٹانے اور سرچ آپریشن کا کام تاحال جاری ہے، جس کے دوران ریسکیو حکام نے ملبے سے مزید لاشیں نکال لی ہیں۔ اس طرح اس افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 15 تک پہنچ گئی ہے۔

ترجمان ریسکیو 1122 اور چھیپا حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں کے دوران نکالی گئی لاشوں کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔ دستاویز کے مطابق چودھویں لاش کی شناخت عباس علی ولد راہب خان جبکہ پندرھویں لاش کی شناخت محمد مفید ولد غمین گل کے نام سے کر لی گئی ہے۔ متوفی عباس علی کی لاش کو تمام قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد چھیپا سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ ریسکیو عملہ لواحقین سے بھی مسلسل رابطے میں ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ منہدم عمارت کا ملبہ ہٹانے کے کام میں انتہائی احتیاط سے کام لیا جا رہا ہے۔ ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش کے لیے جدید ٹیکنالوجی، الیکٹرانک آلات اور سرچ کیمروں کی مدد لی جا رہی ہے تاکہ تکنیکی عملہ محفوظ طریقے سے اندر موجود افراد تک پہنچ سکے۔ واقعے کے بعد سے ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ اور دیگر امدادی ادارے دن رات امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام لاپتہ افراد کو تلاش نہیں کر لیا جاتا۔