آبنائے ہرمز کا کنٹرول: اہم مذاکرات کے لیے ایرانی وفد عمان روانہ

دونوں ممالک کے مابین بحری سیکیورٹی اور دوطرفہ ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔

June 22, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مسقط / تہران: ایران کے اعلیٰ مذاکرات کار اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی ایک اہم سفارتی مشن پر عمان روانہ ہو گئے ہیں۔ اس دورے کا بنیادی مقصد تزویراتی (اسٹریٹجک) لحاظ سے انتہائی اہم آبی گزرگاہ ‘آبنائے ہرمز’ کے انتظامی امور اور مینیجمنٹ پر بات چیت کرنا ہے۔

ایرانی میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے مطابق، عمان روانگی سے قبل محمد باقر قالیباف نے ٹیلی گرام پر جاری اپنے ایک بیان میں دورے کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ عمان کے حکام کے ساتھ ملاقاتوں میں آبنائے ہرمز کے انتظام و انصرام کے لیے ایرانی انتظامات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے پر غور کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ دونوں ممالک کے مابین بحری سیکیورٹی اور دوطرفہ ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے بھی تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ سفارتی پیش رفت اور خطے میں بحری راستوں کی سیکیورٹی کے تناظر میں تہران اور مسقط کے درمیان یہ رابطہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ اومان طویل عرصے سے خطے میں ایک اہم ثالث کا کردار ادا کرتا آیا ہے۔