حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات ناکام، خیبر پختونخوا حکومت پر عدم تعاون کا الزام

اہم انکشاف، ڈرافٹ بار بار تبدیل کیا گیا، آئین کے مطابق فیصلہ ہوگا

October 4, 2026 · اہم خبریں
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان مذاکرات خیبر پختونخوا حکومت کے عدم تعاون کی وجہ سے ناکام ہو گئے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے بالکل آمادہ نہیں ہے، جب کہ وفاقی حکومت اس معاملے پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتی۔

وزیر مملکت کے مطابق حکومتی وفد نے آخری وقت تک مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی بھرپور کوشش کی، مگر بار بار ڈرافٹ تبدیل کیے جاتے رہے جس کی وجہ سے پی ٹی آئی کا وفد بھی مایوس ہو کر واپس چلا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمارا بنیادی مطالبہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے دور حکومت میں منظور کیے جانے والے نیشنل ایکشن پلان ٹو پر عمل درآمد کرانا تھا، لیکن خیبر پختونخوا حکومت اس پر رضامند نہیں ہوئی۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے کشادہ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی نکات پر نرمی دکھائی اور دیگر تمام اہم امور پر پہلے ہی اتفاق رائے پیدا ہو چکا تھا مگر صوبائی رویے نے بات آگے نہیں بڑھنے دی۔ گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جو بھی آئندہ قدم اٹھایا جائے گا، وہ مکمل طور پر آئین کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات سمیت تمام دستیاب آپشنز بروئے کار لائے جا چکے ہیں اور اب مزید طویل انتظار نہیں کیا جا سکتا۔